پیر، 19 دسمبر، 2022

پاکستانیوں کے 5 پسندیدہ پکوان




 یہ سچ ہے کہ وہ کہیں بھی رہیں مگر اپنی دیسی روایات سے کبھی الگ نہیں ہوسکتے۔ کھانے پینے کے معاملے میں بھی ایسا ہی ہے نانیوں دادیوں کے زمانے سے جو میٹھے پکوان ہمیں پسند آتے ہیں وہ ساری عمر اولین پسند بنے رہتے ہیں۔ خاس طور پر کراچی والے دنیا میں کہیں بھی چلے جائیں اپنے شہر کے کھانوں کو کبھی نہیں بھولتے۔ ایسے پی پانچ مزے دار روایتی میٹھوں کا ذکر ہم زیر نظر مضمون میں کررہے ہیں جنہیں پاکستانی کبھی فراموش نہیں کر پاتے۔ یہ مزے دار دیسی ذائقے نہ صرف اپنی لذت میں منفرد ہیں بلکہ حفظان صحت کے حوالے سے بھی قوت بخش اور توانائی فراہم کرنے والے ہیں۔ 



شیرخورمہ:

یہ ایک ایسی بہترین میٹھی اور مکمل ڈش ہے جسے کوئی چاہ کر بھی نظر انداز نہیں کرسکتا۔ سویوں، چاولوں، میوہ جات، چھوہاروں اور دودھ سے بنے مزے دار شیر خورمہ کا نام سنتے ہی منہ میں پانی آ جاتا ہے۔ یہ مسلمانوں کی قدیم روایتی ڈش ہے جسے تہواروں یا خاص مواقع پر صبح صبح ناشتے میں کھا کر منہ میٹھا کیا جاتا ہے۔ اس کے پیچھے ایک قدیم روایتی سوچ ہے کہ صبح صبح شیر خورمہ کھانے سے آپ کا سارا دن خوشگوار گزرے گا۔ شیر خورمہ کو تہواروں کا میٹھا بھی کہا جاتا ہے۔ برصغیر کے اس مقبول ترین میٹھے کا اصل وطن حیدرآباد کو سمجھا جاتا ہے تاہم یہ ہندوستان پاکستان سمیت پورے برصغیر میں ہر خاص و عام میں یکساں مقبول ہے۔ اسے گرم گرم ہی کھایا جاتا ہے تاہم ریفریجریٹر میں ٹھنڈا کر کے کھانے کا بھی اپنا ہی ایک الگ مزہ ہے۔ اگر آپ کا کوئی پاکستانی دوست ہے تو اسے اس بات کے لئے پکا کرلیں کہ وہ کم از کم ایک بار ضرور اپنے گھر کا بنا ہوا شیر خورمہ آپ کو کھلائے کیونکہ پاکستان میں شاید ہی کوئی ایسا گھر ہو جس میں عید، بقرعید یا خاص تہواروں پر شیر خورمہ نہ بنایا جاتا ہو۔   

آپ کی آسانی کے لئے ہم نے نیچے دیئے گئے لنک پر شیر خورمہ بنانے کی آسان ترکیب رکھ دی ہے آپ چاہیں تو آج ہی گھر پر میٹھا اور لذیذ شیر خورمہ تیار کرلیں۔ 


ساگو دانہ کھیر:

جنوبی ایشیائی ممالک میں شامل سری لنکا، پاکستان، انڈیا، بنگلہ دیش، نیپال وغیرہ میں مقبول ترین میٹھا پکوان جسے  خاص مواقع پر بنایا جاتا ہے، اسے زیادہ تر ناشتے میں کھایا جاتا ہے۔ اسے عموماً ساگودانے اور دودھ کے امتزاج سے بنایا جاتا ہے تاہم اس کی لذت انگیزی بڑھانے کے لئے اس میں چاول، زعفران، کٹا ہوا پستہ اور بادام بھی ڈالے جاتے ہیں۔ اس کے بہت سے فوائد ہیں۔ یہ میٹھا صحت کے لیے بھی اچھا ہوتا ہے جیسے کیلشیم اور آئرن کی فراہمی اس کی خصوصیت ہے جبکہ اس میں ڈالے جانے والے میووں سے بھی انسانی جسم کو بہترین اور فوری توانائی حاصل ہوتی ہے۔ اسے ٹھنڈا کرکے پیش کیا جاتاہے۔ یہ میٹھا بچوں کی نشوونما کے لیے بھی بہت فائدہ مند ہے، پاکستان میں خاص طور پر وسطی پنجاب میں کوئی تہوار یا تقریب کھیر کے بغیر منانے کا تصور ہی محال ہے۔ نیچے دیئے گئے لنک پر جا کر آپ اس مزے دار روایتی میٹھے پکوان کو بنانے کا آسان طریقہ جان سکتے ہیں۔  

شاہی ٹکڑے:

اگر عید کے دن آپ کے گھر میں شاہی ٹکڑے نہیں بنتے تو یقیناً آپ پاکستانی نہیں ہوں گے کیونکہ پاکستان میں شاذ و نادر ہی کوئی ایسا گھرانہ ہوگا جس میں عید کے روز شاہی ٹکڑے نہ بنائے جاتے ہوں۔ یہ بریڈ پڈنگ دودھ ، سویاں، پستے اور بادام کے بہترین امتزاج سے بنا ہوا ایک خوش ذائقہ میٹھا ہے. اسے ڈبل روٹی کا میٹھا بھی کہا جاتا ہے. یہ شاہی میٹھا عام طور پر خاص مواقع پر میٹھے کی طلب کو پورا کرنے کے لئے بنایا جاتا ہے۔ اپنے منفرد اور مزے دار ذائقے کے ساتھ ساتھ یہ شاہی میٹھا آپ کو توانائی بھی فراہم کرتا ہے۔ نیچے دئیے گئے لنک پر جا کر آپ شاہی ٹکڑے بنانے کی آسان ترکیب سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

سویّاں:

یہ بھی برصغیر انڈو پاک کی مقبول ترین میٹھی ڈش ہے جسے رمضان المبارک میں بھی نہایت ذوق و شوق سے کھایا جاتا ہے اور عید کے روز بھی متعدد گھرانوں میں منہ میٹھا کرنے کے لئے سویاں پکائی جاتی ہیں۔ 
سویاں پاستہ کی ایک قسم ہے، جس کا تعلق اسپیگیٹی کے گھرانے سے ہے لیکن یہ اسپیگیٹی کے مقابلے میں نسبتاً باریک ہوتی ہیں۔ یہ شاندار میٹھا سیویوں کو چینی اور مکھن یا گھی میں ملا کر بنایا جاتا ہے جس میں خوبصورتی اور ذائقہ دینے کے لیے میوہ جات کو شامل کیا جاتا ہے۔ سیویوں کو خاص مواقع اور تقریبات میں دسترخواں کی زینت بنایا جا تا ہے۔ نیچے دیئے گئے لنک پر جا کر آپ سویاں پکانے کی آسان ترکیب جان سکتے ہیں۔  

سوجی کا حلوہ:


اگر ہم دیسی ناشتے کی بات کریں تو سوجی کا حلوہ اس کا اہم ترین حصہ ہے جس کے بغیر دیسی ناشتے کا تصور ہی محال ہے۔ برصغیر پاک و ہند، بنگلہ دیش اور دیگر ممالک میں حلوہ پوری کا ناشتہ بہت سے لوگوں کا روز کا معمول ہے۔ حلوہ پوری کے ناشتے میں گرم گرم مزے دار پوریاں،  سوجی کا لذیذ خوشبودار حلوہ، آلو کی ترکاری، چنے کا سالن اور اچار شامل ہے۔ گرم گرم لذیذ حلوے اور خستہ پوریوں کا ناشتہ ہو تو کسی پاکستانی کا ہاتھ نہیں روکا جاسکتا، اپنے خواص اور فوائد کے باعث حلوہ پوری کا ناشتہ بہترین اور مکمل غذا ہے جو دن بھر آپ کو چست اور توانا رکھتا ہے۔ اس میں شامل کیلوریز آپ کو توانائی فراہم کرتی ہیں اور شوگر کی مقدار انسانی جسم میں مٹھاس کی ضرورت کو پورا کرتی ہے۔ 
نیچے دیئے گئے لنک پر جا کر آپ مزے دار سوجی کا حلوہ بنانے کی آسان ترکیب سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ 

مزید پڑھیں

زندگی گزارنے کیلئے اب کسی مرد کی ضرورت نہیں، آئمہ بیگ

 کراچی: معروف پاکستانی گلوکارہ آئمہ بیگ کا کہنا ہے کہ انھیں زندگی گزارنے کے لیے اب کسی مرد کی ضرورت نہیں ہے۔



ایک انٹرویو کے دوران آئمہ بیگ نے کیریئر میں اپنی پسند اور ناپسند سمیت مختلف موضوعات پر گفتگو کی۔


شادی سے متعلق سوال پر گلوکارہ کا کہنا تھا کہ اب مردوں کے حوالے سے کوئی توقعات نہیں ہیں لیکن چاہتی ہوں کہ جو بھی ہو وہ انسان کا بچہ ہو  اور  ساتھ دینے والا شخص ہو۔

آئمہ بیگ نے کہا کہ مجھے اب اپنی زندگی میں کسی مرد کی ضرورت نہیں ہے لیکن اس کے باوجود اگر کوئی شخص زندگی میں آگیا تو اسے ایک بونس تصور کروں گی بصورت دیگر مجھے زندگی میں کسی مرد کی ضرورت نہیں ہے نہ ہی اس حوالے سے کچھ سوچنے کی ضرورت ہے۔

کرش سے متعلق سوال پر آئمہ بیگ کا کہنا تھا کہ اب نارمل لوگوں پر کرش نہیں ہوتا اب تو ہالی وڈ فلمز دیکھ رہے ہیں تو ان پر کرش ہوتا ہے،  میرا خیال ہے کہ میں نے اپنے میوزک سے شادی کرلی ہے۔


واضح رہے کہ  2022 میں آئمہ نے شہباز کے ساتھ منگنی کا اعلان کیا تھا تاہم رواں برس ستمبر میں آئمہ نے باضابطہ شہباز شگری سے رشتہ ختم ہونے کی تصدیق کی تھی۔

مزید پڑھیں

فیفا ورلڈ کپ؛ ارجنٹینا فرانس کو شکست دے کر ورلڈ چیمپئن بن گیا

 دوحہ: فیفا ورلڈ کپ فائنل میں ارجنٹینا فرانس کو پینلٹیز پر شکست دے کر فٹبال چیمپئن بن گیا۔



لوسیل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فیفا ورلڈ کپ کے فائنل میں ارجنٹینا نے فرانس کو پینلٹیز پر 2 کے مقابلے میں 4 گول سے شکست دے کر چیمپئن شپ کا تاج سر پر سجا لیا۔

مقررہ 90 منٹ کے کھیل کے دوران دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ 2، 2 گول سے برابر رپا۔ارجنٹینا کی جانب سے کپتان میسی نے 23 ویں منٹ میں پینلٹی پر گول اسکور کر کے ٹیم کو برتری دلائی جس کو ڈی ماریہ نے 36 ویں منٹ میں دُگنا کر دیا۔

فرانس کی جانب سے امباپے نے 80 ویں میں منٹ میں پینلٹی پر ٹیم کی جانب سے پہلا گول اسکور کیا اور 81 ویں منٹ میں دوسرا گول اسکور کر کے برتری کو ختم کر دیا۔

پینلٹیز سے قبل کھیلے جانے والے پہلے اضافی ہاف میں دونوں ٹیمیں کوئی گول اسکور نہ کرسکیں۔ البتہ دوسرے اضافی ہاف (108 ویں منٹ) میں میسی نے ارجنٹینا کو ایک بار برتری دلائی جس کو امباپے نے میچ کے آخر لمحات (118 ویں منٹ) میں برابر کردیا۔

مزید پڑھیں

ڈارک چاکلیٹ میں زہریلی دھاتوں کی موجودگی کا انکشاف


 ڈارک چاکلیٹ میں زہریلی دھاتوں کی موجودگی کا انکشاف



نیو یارک: ماضی میں ڈارک چاکلیٹ پر کیے جانے والے اکثر مطالعوں میں یہ بتایا گیا ہے کہ یہ ہمارے لیے اپنے اندر کئی فوائد رکھتی ہے لیکن حال ہی میں ایک نئی تحقیق میں معلوم ہوا ہے کہ ان چاکلیٹ بارز میں ایسی زہریلی دھاتیں موجود ہوتی ہیں جو صحت کے متعدد مسائل کا منبع ہوتی ہیں۔

کنزیومر رپورٹس کے ماہرین کی جانب سے مشہور کمپنیوں کی 28 چاکلیٹ بارز کو لیبارٹری میں ٹیسٹ کیا گیا جس میں یہ بات سامنے آئی کہ ان تمام بارز میں لیڈ (سکہ) اور کیڈمیئم نامی عناصر موجود تھے۔

ان دونوں بھاری دھاتوں کا تعلق پھیپھڑوں کے مسائل، یادداشت کے مسائل، کینسر اور قبل از وقت موت سے ہے۔ لیکن ماہرین کا کہنا ہے کہ چاکلیٹ میں موجود ان عناصر کے اثر کا مشاہدہ کرنے کے لیے آپ کو روزانہ ایک شیئرنگ سائز بار سے زیادہ چاکلیٹ کھانی ہوگی۔

کیڈمیئم ایک قدرتی عنصر ہے جو مٹی میں پایا جاتا ہے اور بعض اوقات پودے کی جڑیں اس کو جذب کرلیتی ہیں اور کوکوا بینز میں پہنچا دیتی ہیں۔ جبکہ لیڈ ان بینز کو ماحول کی وجہ سے آلودہ کرتے ہیں۔ چوں کہ یہ بینز کھلی جگہ میں سُکھائے جاتے ہیں اس لیے ممکنہ طور پر اطراف سے چلنے والی ہوائیں ان کو آلودہ کرتی ہیں۔

لیڈ انسانوں کے لیے خطرناک سمجھا جاتا ہے۔ اس کا طویل مدت افشا ہونا یادداشت کمزور ہونے، پیٹ درد اور بڑوں میں مزاج خراب ہونے کا سبب ہوتا ہے۔

بچوں میں اس دھات کی بڑی مقدار میں موجودگی دماغ اور مرکزی عصبی نظام کو نقصان پہنچا سکتی ہے اور ان میں سیکھنے اور رویوں کے مسائل کا سبب بن سکتی ہے۔

دوسری جانب کیڈمیئم کی کم سے کم مقدار بھی گردوں کے کینسر اور نازک ہڈیوں کا سبب بن سکتی ہے۔

مزید پڑھیں

اسموگ نے لاہور کو ایک بار پھر دنیا کا آلودہ ترین شہر بنا دیا



 - اسموگ نے صوبائی دارالحکومت لاہور کو ایک بار پھر دنیا کا آلودہ ترین شہر بنا دیا۔ سانس لینے کے لیے بھی صاف ستھری فضا دستیاب نہیں۔

غیرسرکاری اعدادوشمار کے مطابق لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس 402 ہو گیا۔ محکمہ تحفظ ماحولیات کے جاری کردہ ایئر کوالٹی انڈیکس کے مطابق ٹاؤن ہال، مال روڈ پر ایئرکوالٹی انڈیکس 116، ٹاؤن شپ سیکٹرٹو میں 87 رہا۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ اسموگ نے سانس لینا دوبھر کر دیا۔ آنکھوں میں سوزش کی شکایت بھی ہیں۔ طبی ماہرین کہتے ہیں کہ اسموگ  سے بچاؤ کے لیے شہری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

ڈی جی ماحولیات خواجہ سکندر شان کہتے ہیں کہ اسموگ کے خاتمے کے لیے ہماری ٹیمیں کام کر رہی ہیں۔ سی ٹی او لاہور ڈاکٹر اسد ملہی  کی ہدایت پر ٹریفک پولیس کی جانب سے شہر کے داخلی و  خارجی راستوں پر اسموگ کا باعث بننے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔

مزید پڑھیں

پی ٹی آئی ہو یا پی ڈی ایم، دونوں ہی نے آئی ایم ایف کے سامنے سر جھکایا، سراج الحق



  امیر جماعت سلامی سراج الحق کا کہنا ہے پی ٹی آئی ہو یا پی ڈی ایم، دونوں ہی نے آئی ایم ایف کے سامنے سر جھکایا، اور ہر شرط قبول کی۔

لاہور میں جماعت اسلامی کے نئے  دفتر کے افتتاح کے موقع پر انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا تعلیمی نصاب بیرون ممالک سے سیلکٹ ہوتا ہے جبکہ استاد، سکول اور تنخواہیں ہمارا ملک دیتا ہے۔ جماعت اسلامی کا عزم آئندہ نسل کو اسلام کی تعلیمات سے روشناس کرنا ہے۔

سراج الحق نے کہا ملک کی سیاسی اور معاشی تباہی کا باعث 4 سے 5 پارٹیاں ہیں۔ امریکا میں ایک ایسا ادارہ جو عالم اسلام پر راج کرنے کے طریقے ڈھونڈتا ہے۔

مزید پڑھیں

لاہور میں ماحول دوست 513 ہائبرڈ بسیں چلائی جائیں گی، وزیراعلیٰ پرویز الہٰی

 لاہور میں اب ماحول دوست ہائبرڈ بسیں چلائی جائیں گی، لاہور میں مجموعی طورپر 513 ہائبرڈ بسیں چلائی جائیں گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے پہلے مرحلے میں 300 بسیں خریدنے کی منظوری دے دی۔




وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کاایک اوراحسن اقدام! وزیراعلیٰ کے حکم پر اب لاہور میں ماحول دوست ہائبرڈ بسیں چلائی جائیں گی۔


وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کا 20 واں اجلاس ہوا جس میں پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کی آکشن پالیسی اور ڈیرہ گجراں میں پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے دفاتر تعمیر کرنے کی منظوری دی گئی۔


وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کہتے ہیں یہ بسیں پرائیویٹ آپریٹرز کے ذریعے چلائی جائیں گی جس کیلئے شہر میں 200 نئے بس اسٹاپ بنائیں گے۔ خصوصا طالبات کے تعلیمی اداروں کے اوقات کار کو مدنظر رکھ کرروٹس کا تعین کیا جائے گا۔


وزیراعلیٰ پنجاب نے نئی بسوں میں خواتین،اسپیشل اور نابینا افراد کے لئے سیٹیں مخصوص کرنے کا حکم بھی دیا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی ہے کہ اسپیشل اورنابینا افراد کیلئے بس دروازے کے قریب سیٹیں مختص کی جائیں۔


وزیراعلیٰ کا کہنا تھا ماضی میں سرکاری سطح پر ٹرانسپورٹیشن سسٹم کا تجربہ فیل ہوا اور پائیدار ٹرانسپورٹیشن سسٹم تشکیل دینے میں غفلت برتی گئی۔

مزید پڑھیں

تمام جملہ حق بحقوق محفوظ ہیں۔ © صحت اور علاج | تقویت یافتہ ساقی سٹوڈیوز
ڈیزائن | ثاقب منظور ساقی ساقی سٹوڈیوز